اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کے ٹاپ پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے پاکستان میں باکسنگ لیگ کروانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کو فروغ دینے کی کوششیں کریں گے،نوجوان باکسرزمحنت جاری رکھیں۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل دبئی میں ہونے والی اہم فائٹ میں محمد وسیم نے تین مرتبہ کے ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے سابق چمپئن میکسیکو کے
گانیگان لوپیز کو شکست دیکر جیت اپنے نام کی تھی ۔فاتح باکسر محمد وسیم دبئی سے اتوار کو اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہاکہ بڑی فائٹ تھی جسے جیت کر بہت خوشی ہوئی اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر فخر ہے۔محمد وسیم نے ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ پاکستان میں بہت جلد باکسنگ لیگ کروانے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ اللہ کا جتنا بھی اللہ کا شکر ادا کروں کم ہے،بڑی فائٹ تھی میری بڑی خوشی ہے کہ پاکستان کا نام روشن کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ ٹرینگ کیمپ ہوگی اور پریکٹس کروں گا،میرے والدہ نے کافی دعائیں کیں اور بچپن سے کوچ جس نے ٹرینگ دی انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے دعا ئیں کیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہاں جم بنائیں گے اور باکسنگ کو فروغ دیں گے تاکہ میری طرح اور بھی کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسپین میں شارٹ کیمپ ہے،اگلے ہفتے جاوَں گا،پاکستان کا نام روشن کرتارہوں گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں باکسنگ کو فروغ دینے کی کوششیں کریں گے،نوجوان باکسرزمحنت جاری رکھیں۔باکسرمحمد وسیم نے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کیے جائیں،پاکستان میں بہت جلد باکسنگ لیگ کرائیں گے۔