اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سےمتاثر نہیں ہوئے اور پاکستان میں اہم وزارت کی خواہش کا اظہار کردیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ایک سپورٹس مین شخصیت ہونے
کیساتھ ساتھ بہترین سیاستدان بھی ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان میں کھیلوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔ وزارت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ اگر وہ پاکستان کے وزیر کھیل بن گئے تو پاکستانی عوام کے لیے کچھ کر سکیں گے۔ عامر خان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ واحد شخص ہیں جنہوں نے پاکستان میں کھیل کے شعبے کے لیے کچھ کیا ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی باکسرز کو دنیا بھر میں فائٹ کے لیے لے کر جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی عامر خان متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ پاکستان میں باکسنگ اکیڈمیز قائم کرنے کے بھی خواہشمند ہیں لیکن حکومت نے ان سے تعاون نہیں کیا۔عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی باکسنگ اکیڈمی میں ایک وزیر آئے اور صرف تصاویر بنوا کر واپس چلے گئے اور پھر اس معاملے میں کچھ بھی نہیں ہوا۔میری خواہش ہے کہ میں پاکستانیوں کو عالمی سطح کیلئے ٹرینڈ کروں پاکستان میں متعدد باکسنگ اکیڈمیز قائم کروں جس کیلئے مجھے عمران خان کی حکومت کی مدد درپیش ہے ۔