لاہور(آن لائن) آسٹریلیوی کرکٹرز کی بڑی تعداد پاکستانی اور نیوزی لینڈ کے وزرائے اعظم کے ناموں سے ناواقف نکلی۔ تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی چینل نے آسٹریلوی کرکٹرز کی حالات حاضرہ پر پکڑ کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا اور انہیں کیمرے کے سامنے بٹھا کر ان سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا آرڈین اور پاکستان کے وزیر اعظم اور سابق قومی کپتان عمران خان کانا م پوچھا۔کئی آسٹریلیوی کرکٹرز دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے ناموں سے ناواقف نکلے جن میں وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ، پیٹر ہینڈ سکومب، سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ، مڈل آرڈر بلے باز ٹریوس ہیڈ،
مارنس لبسشین اورآل راؤنڈر مارکس سٹوئنس شامل تھے جب کہ فاسٹ باؤلر پیٹر سڈل بھی کیوی وزیر اعظم کے نام سے لاعلم تھے تاہم انہوں نے بابر اعظم کو مذاقا پاکستان کا وزیر اعظم قرار دے دیا۔فاسٹ باؤلر پیٹرک کمنز،ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خواجہ،فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ اورفاسٹ باؤلر کین رچرڈ سن نے دونوں وزرائے اعظم کا نام ٹھیک بتایا جب کہ لیگ سپنر ایڈم زامپا،آل راؤنڈر مچل مارش اورلیفٹ آرم سپنر ایشٹن ایگر نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا آرڈین کا نام تو نہ بتا سکے تاہم انہوں نے وزیر اعظم عمران خا ن کا نام ٹھیک بتایا۔