نئی دہلی (این این آئی)کرکٹ کی تاریخ کے ہزارویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ۔نئی دہلی میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو ہرا کر 20 اوورز کے میچ میں حریف ٹیم کے خلاف پہلی فتح حاصل کی۔بنگلا دیشی کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم کو پہلی کامیابی پہلے ہی اوور میں
روہت شرما کی وکٹ کی صورت میں حاصل ہوئی۔بھارت کے دوسرے اوپنر شیکھر دھون 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر بلے بازوں میں رشبھ پنت 27 اور شریاس آئیر 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 148 رنز بنانے میں کامیاب رہی جبکہ بنگلا دیش کی جانب سے شفیع الاسلام اور امین الاسلام نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کے اوپنر لٹن داس صرف 8 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ پر محمد نعیم اور سومیا سرکار نے 48 رنز جوڑے تاہم محمد نعیم 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ سومیا سرکار نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔وکٹ کیپر مشفق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کی، اْنہوں نے 19ویں اوور میں کفیل احمد کو مسلسل 4 چوکے بھی رسید کیے اور ناقابل شکست 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمود اللہ بھی 15 رنز بنا کر ناٹ ا?ؤٹ رہے۔یوں بنگال ٹائیگرز نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور بھارت کو پہلی شکست سے دوچار کیا۔بہترین اننگز کھیلنے پر وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ میچ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا ہزارواں میچ تھا جس میں بنگلا دیش نے بھارت کو مات دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔