لاہور(آن لائن) پاکستان کی میزبانی کرنے سے قاصر بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمن ورلڈ چیمپئن شپ میں پوائنٹس سے محرومی کا خدشہ ہے ،بی سی سی آئی کا اپنی حکومت کو اجازت کیلئے ارسال کردہ خط کام نہیں آسکا، آئی سی سی سے پوائنٹس کی یکساں تقسیم کی درخواست کا عندیہ دیتے ہوئے نئے
صدر سارو گنگولی کیلئے بڑا چیلنج سامنے آگیا،دوسری جانب گورننگ باڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ سے حکومتی جواب کا تحریری ثبوت طلب کرنے کیساتھ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ پوچھی جا سکتی ہے اور اس معاملے کا ٹیکنیکل کمیٹی کوئی فیصلہ کریگی۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس نومبر کے اختتامی عرصے میں پاکستان اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ویمن ورلڈ چیمپئن شپ کے سلسلے میں ون ڈے سیریز شیڈول ہے جسکی میزبانی بھارت کو کرنا ہے لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے سیریز کیلئے اپنی حکومت کو لکھا گیا خط کسی کام نہیں آسکا کیونکہ روایتی انداز سے پاکستان کیخلاف باہمی کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا گیاحالانکہ اس سیریز سے حاصل شدہ پوائنٹس ورلڈ کپ 2021ء یلئے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ اس مشکل صورتحال میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو مطلع کرنیکا عندیہ دیا ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کی میزبانی سے قاصر ہیں جبکہ یہ درخواست بھی کی جائیگی کہ سیریز نہ ہونیکی صورت میں پوائنٹس یکساں تقسیم کردیئے جائیں۔