اسلام آباد( آن لائن ) لیجنڈ کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر انسداد پولیو کا سفیر مقرر کردیا گیا، وسیم اکرم نے کہا تمام پاکستانی پولیو کو ہرانے میں ہمارا ساتھ دیں۔تفصیلات کے مطابق عالمی یوم انسداد پولیو کے حوالے سے ایک تقریب اسلام آباد میںمنعقد ہوئی، جس میں وسیم اکرم اور کوآرڈینٹر پاکستان پولیو پروگرام نے معاہدے پردستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے بچانا اولین ترجیح ہے اور پولیو پر قابو پانے کے لیے 2لاکھ 60 ہزار انسداد پولیو ورکرز اصل ہیروز ہیں ان رضاکاروں کے ساتھ وسیم اکرم بھی پولیو کے خاتمے میں بھرپور کرداراداکریں گے۔ڈاکٹرظفر مرزا کا کہنا تھا کہ انسداد پولیوپروگرام کے پاس چیلنجزکے مقابلے کیلئے بہترین قیادت ہیں تاہم ملک کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں کردار ادا کریں۔اس موقع پر سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ رہنے کا حق ہے اورتمام پاکستانی پولیو کو ہرانے میں ہمارا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیوکے دو قطرے ہی پولیوسے بچائوکا ذریعہ ہیں اورپولیو کے خلاف جیت ہماری ہی ہوگی۔خیال رہے پولیو کا عالمی دن ہر سال 24 اکتوبر کو عوام میں آگاہی پیدا کئے جانے کے لئے منایا جاتا ہے، دنیا میں صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں جہاں آج بھی پولیو پایا جاتا ہے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے چند روز قبل اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔