نئی دہلی(این این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی کا ورلڈکپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھونی ورلڈکپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوسکتے ہیں۔خیال رہے کہ دھونی ورلڈکپ میں انگلینڈ کیخلاف سلو بیٹنگ کی وجہ سے
تنقید کی زد میں ہیں۔دھونی نے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کیخلاف آخری اوورز میں سلو بیٹنگ کی تھی جس کی وجہ سے ان دنوں وہ شدید تنقید کی زد میں ہیں اور انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد سابق کھلاڑیوں نے دھونی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔یاد رہے کہ دھونی ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائر ہوچکے ہیں اور اب امکان ہے کہ ورلڈکپ کے بعد وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔دھونی نے بھارت کی جانب سے 90 ٹیسٹ، 348 ون ڈے اور98 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔سابق بھارتی کپتان نے ون ڈے انٹرنیشنل میں50.58 کی اوسط سے 10723 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹیسٹ میں 38.09 کی اوسط سے 4876 رنز اور اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 37.60کی اوسط سے 1617 رنز اسکور کر چکے ہیں۔بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی دنیا کے واحد کپتان ہیں جنھوں نے 3آئی سی سی ٹورنامنٹس اپنی ٹیم کو جتوائے ہیں، دھونی کی کپتانی میں بھارت نے 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، 2011 کا 50 اوورز ورلڈکپ اور 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کی ۔