لندن ( آن لائن) انگلش آل رائونڈر کرس ووکس نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا کینگروز کے خلاف ایشز سیریز میں فتح سے بڑا کارنامہ ہو گا۔ ٹیم کے پاس ہوم گرائونڈ پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر پرفارم کرنا ہو گا۔ انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک پانچ میچز کھیل چکی ہے اور وہ چار میچ جیتنے کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ نے رواں سال ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کی میزبانی کرنی ہے۔
ووکس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ٹیم کئی بار ا?سٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز جیت چکی لیکن ہمارے پاس ورلڈ کپ ٹائٹل کی کمی ہے اسلئے میرے خیال میں ورلڈ کپ جیتنا ایشز سیریز میں فتح سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے پاس اپنی سرزمین پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا بہترین موقع ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام تر توجہ ورلڈ کپ کے آئندہ میچز پر مرکوز ہے۔ میگا ایونٹ کے بعد ایشز سیریز کے بارے سوچیں گے۔