مانچسٹر(این این آئی)قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ویڈیوز دیکھ کر اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے کہا کہ ویرات کوہلی بڑے بیٹسمین ہیں۔
ان کے کھیل میں وقت اور تجربے کے ساتھ نکھار آیا ہے۔بابراعظم نے کہا کہ ویرات کوہلی کی ویڈیوز دیکھ کر اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں، میں بھی کوشش کر رہا ہوں کہ پاکستان کی جانب سے میچ فنش کرنے کی عادت ڈالوں، اْمید ہے جلد ویرات کوہلی کی طرح میچ جتوانے کی صلاحیت بھی آ جائیگی۔پاکستان کے سب سے قابل اعتماد بیٹسمین بابر اعظم نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کو بھلایا نہیں جا سکتا، بھارت کے خلاف یادگار فتح کل ہی کی بات لگتی ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت کو ہرانے کیلئے الگ پلاننگ کی ہوئی ہے، ہم فوکس ہیں کہ بھارت کو ہرائیں گے اور یہ تاثربالکل غلط ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کی کمزور ٹیم ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ میں جو گزر گیا اس کے بارے میں نہیں سوچ رہے بلکہ جو آگے آ رہا ہے اس میچ پر توجہ ہے، امید ہے کہ بھرپور محنت اور پلاننگ کے ساتھ بھارت کو ہرائیں گے۔قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ سب اچھے ٹچ میں اور پر اعتماد ہیں کہ بھارت کو ہرا کر ہم ورلڈ کپ میں موجود رہنے کے اپنے امکانات کو روشن رکھیں گے۔