اوول ( آن لائن ) آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک حیران کن ملک ہے، اگر انہیں موقع ملا تو وہ ضرور وہاں جا کر کرکٹ کھیلیں گے۔ آج ہونے والے پاکستان کے خلاف میچ کے بارے میں پریس کانفرس کے دوران انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کا پاکستان جانے کا فیصلہ بورڈ کرے گا، پاکستان سپر لیگ کے میچز میں دیکھا ہے کہ شائقین کرکٹ نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور ان کا جذبہ دیدنی تھا۔پاکستانی ٹیم کو خطرناک
قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں بڑے میچز جیت کر فائنلز تک رسائی حاصل کر لیتا ہے، گزشتہ چیمپئنز ٹرافی اس کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارم اچھی ہو یا بری اس سے فرق نہیں پڑتا، یہ ہر لحاظ سے خطرناک ٹیم ہے۔ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستان کے پاس عالمی سطح کے کھلاڑی موجود ہیں، بابراعظم اس وقت اچھی فارم میں ہیں اور بیٹنگ لائن کو جوڑے رکھتے ہیں. ان کے پاس ورلڈ کلاس باؤلرز بھی موجود ہیں۔