دبئی (آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرعماد وسیم قومی ٹیم کے کپتان بننے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ قومی ٹیم کی جانب سے 18 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نمائندگی کرتے ہوئے عماد کو خوب عوامی پذیرائی ملی تاہم وہ اپنے آپ کو قومی ٹیم کا ناگزیر حصہ نہیں سمجھتے۔ آل راؤنڈر نے کرکٹ انفو کے ایک پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم میں میری طرح اور بھی بہت سے پلیئرز موجود ہیں، اپنی موجودہ فارم کی وجہ سے میں اپنے آپ کو بیٹنگ آل راؤنڈر نہیں کہوں گا۔
مجھے نہیں معلوم کہ کوچز اور سلیکٹرز میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں تاہم میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلیے سخت محنت کر رہا ہوں تاکہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی موقع حاصل کر سکوں۔ مستقبل میں پاکستان ٹیم کے کپتان بنائے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ تاحال میرا اس طرح کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور موجودہ کپتان سرفراز احمد میرے بہت اچھے دوست ہیں اور ہم نے تقریباً 12 سال تک اکٹھے کرکٹ کھیلی ہے۔میرے دل میں ان کی بہت عزت ہے اور میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔