دبئی (آئی این پی)نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ کے بڑے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ دبئی میں سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں جس میں مستقبل کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔مصباح الحق کے مستقبل سمیت نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بات چیت ہوگی۔ پی سی بی چیئر مین شہریار خان کا کہنا تھا کہ میٹنگ دبئی میں طلب کی گئی ہے
جس میں مکی آرتھر، انضمام الحق کے علاوہ شہریار خان، نجم سیٹھی اور سبحان احمد شرکت کریں گے۔امکان ہے کہ بڑوں کی اہم میٹنگ کے دوران قومی ٹیم کی شکست کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔مکی آرتھر اور انضمام الحق کا نکتہ نظر اہم ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں ضرورت پڑنے پر ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، ون ڈے کپتان اظہر اعلی اور ٹی ٹوئینٹی کپتان سرفراز احمد کو بھی بلایا جاسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اور انضمام الحق الگ الگ سوچ رکھتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ کے بڑے مکی آرتھر سے کوچز کی کارکردگی کے بارے میں بھی جاننا چاہتے ہیں۔ کیوں کہ کئی کوچز کی کارکردگی اوسط درجے کی رہی ہے۔ شہریار خان کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کے پی ایس ایل کا ایک ماہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اسی دوران کئی فیصلے ہوں گے۔