لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز بابراعظم آل راؤنڈر کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں جس کے لیے انھوں نے برسبین میں اپنا باؤلنگ ٹیسٹ کرادیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق ماضی میں قومی انڈر19 ٹیم کی قیادت کرنے والے بابراعظم اپنے مشکوک باولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے ایڈیلیڈ سے برسبین پہنچ گئے ہیں جہاں ان کے ایکشن کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بابراعظم انڈر19 ٹیم میں بیٹنگ کے علاوہ آف اسپن باؤلنگ بھی کرتے تھے لیکن انھیں مشکوک ایکشن کی پاداش میں باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔پی سی بی اہلکار کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ٹیم کے لیے آف اسپنر کا کردار ادا کرنے والے بابرکا برسبین میں قائم آئی سی سی لیب میں ٹیسٹ کیا گیا ہے جبکہ حتمی رپورٹ 15 روز کے اندر مل جائے گی ۔بابراعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے تیزترین ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا جبکہ عالمی طورپر تیزترین ایک ہزاررنزبنانے کا ریکارڈ برابر کرکے عظیم کھلاڑی ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹروٹ اور جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔