نیویارک (نیوز ڈیسک)نیویارک میں کھیلے گئے آل سٹارز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں وارن وارئیرز نے سچن بلاسٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دکر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔وارن وارئیرز نے 141 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 17.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔وارن وارئیرز کی جانب سے رکی پونٹنگ نے تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 48 اور سنگا کارا نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔سچن بلاسٹرز کی جانب سے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے دو جبکہ سری لنکا کے مرلی دھرن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے سچن بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 140 بنائے۔سچن بلاسٹرز کی جانب سے وریندر سہواگ نے تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 55 اور کپتان تندولکر نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنائے۔وارن وارئیرز کی جانب سے آسٹریلیا کے شہرہ آفاق لیگ سپنر شین وارن اور اینڈریو سائمنڈز نے تین تین جبکہ ایلن ڈونلڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان کے معروف بولر وسیم اکرم وارن وارئیرز کی جانب سے کو ئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔وارن وارئیرز کے کپتان شین وارن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔