لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کو کامیاب اور مقبول بنانے کیلئے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور آسٹریلیا کے بریٹ لی کو شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، اس سلسلے میں ان کھلاڑیوں سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں لیگ میں شرکت کرنے پر بھاری معاوضے کی پیشکش کی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ یہ سپر لیگ آئندہ سال فروری میں شروع کرانا چاہتا ہے لیکن ماسٹرز چیمپئنز لیگ کے ساتھ شیڈول اور وینیوز کے ٹکراﺅ کے باعث لیگ کے انعقاد پر اب بھی شکوک کے بادل چھائے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کے میچز فروری میں یو اے ای میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جب شارجہ، دبئی اور ابوظہبی کرکٹ سٹیڈیمز کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو علم ہوا کہ فروری کے مہینے میں ماسٹرز چیمپئنز لیگ کے لئے وینیوز بک کر لئے گئے ہیں۔ ماسٹرز چیمپئنز لیگ میں وسیم اکرم، برائن لارا اور ایڈم گلکرسٹ جیسے سابق سٹارز حصہ لیں گے۔ پی سی بی بھی فروری میں یہ میچز کرانا چاہتا ہے لیکن اس کےماسٹرز لیگ کے ساتھ ٹکراﺅ سے نقصان سپر لیگ کا ہی ہو گا۔ کرکٹ بورڈ نے اپ ڈائریکٹر سپر لیگ سلمان سرور بٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ لیگ کو مقبول بنانے کے لئے اس میں سٹار کرکٹرز کو بھی شامل کریں۔ اس سلسلے میں 20 غیر ملکی سٹارکرکٹرز کو لیگ میں شامل کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور آسٹریلیا کے بریٹ لی سے رابطہ کیا گیا ہے