ملتان(نیوز ڈیسک)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ فلسطین اور بنگلہ دیش کی فٹبال ٹیموں کو پاکستان میں لانے کے لئے بات چیت کر رہے ہیں۔ ملتان میں قومی انڈر 16فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ فیفا سے 60کروڑ روپے کے گول پراجیکٹ کے منصوبے لائے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملتان میں 30جون کو ہونے والے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات فیفا اور اے ایف پی کے نمائندوں کی موجودگی میں ہوئے، جنہیں تسلیم کیا گیا موجودہ مدت میں ملک کے اندر یوتھ ٹیلینٹ کو سامنے لانے کے لئے بھرپور انتظامات کیے جائیں گے۔ فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال کو سیاست کی نظر کرنے کے بجائے اس کی ترقی کے لئے بلاامتیاز کام کر رہے ہیں-