پالے کیلی (نیوز ڈیسک) سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریزکا تیسرا اور آخری میچ 3 جولائی سے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پالے کیلی میں شروع ہوگا۔ میچ صبح پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز مصباح الحق نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور میزبان ٹیم کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جولائی سے پالے کیلی میں شروع ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 11جولائی کو دمبولا سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، اس کے بعد چار ون ڈے کرکٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے، دوسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو 15جولائی کو 2 بجے پالے کیلی سٹیڈیم میں شروع ہوگا، تیسرا میچ 19جولائی کو آر پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 22 جولائی کو آر پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا اور پانچواں اور آخری میچ 26 جولائی کو مہندا راجا پاکسے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔