کینیڈا (نیوزڈیسک ) کینیڈا میں خواتین فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں جرمنی اور امریکہ کی ٹیموں نے اپنے میچ جیت کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ خواتین فٹبال عالمی کپ میں جرمنی اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا پہلا کوارٹرفائنل کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا جس وجہ سے فیصلہ پنلٹی ککس پر کرنا پڑا جہاں قسمت کی دیوی نے جرمن ٹیم کا ساتھ دیتے ہوئے انہیں پانچ چار سے کامیابی دلوا دی۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں امریکہ اور چین کی ٹیموں کے درمیان جوڑ پڑا۔ دو مرتبہ ویمنز فٹبال کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی امریکی ٹیم نے چین کو باآسانی ایک صفر سے مات دیدی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان کارلی لوئڈ ایک گول سکور کر کے نمایاں رہیں۔ دونوں کامیاب ٹیمیں ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں ۔