دبئی (نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یا آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان مشترکہ طور پر انگلینڈ اور انڈیا کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگیا ۔ رینکنگ میں بھی جنوبی افریقہ 130 پوائنٹ کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلوی ٹیم ہے جس کے 111پوائنٹ ہیں۔تاہم سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں فتح سے پاکستان تیسرے پر آسکتا ہے۔اسی طرح سری لنکا بھی اِس سیریز میں فتح حاصل کرکے تیسرے نمبر پر آسکتا ہے۔منگل کو جاری ہونے والی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں 97 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان، انگلینڈ اور انڈیا تینوں چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ سری لنکا کے 96 پوائنٹس ہیں۔پاکستان اور سری لنکا دونوں ٹیمیں اِس سیریز کے تینوں میچ جیت کر زیادہ سے زیادہ آٹھ پوائنٹ حاصل کرسکتی ہیں جبکہ دو میچوں میں فتح کے ساتھ سیریز جیت کر کوئی بھی ٹیم چار پوائنٹس حاصل کرسکتی ہے اگر ایسا ہوتا ہے تو 99 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر دھکیل دی جائے گی۔کھلاڑیوں کے ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ سری لنکا کے کمار سنگا کارا دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں یونس خان چھٹے اور مصباح الحق نویں نمبر پر موجود ہیں۔چھبیس برس کے سٹیون سمتھ انڈیا کے سچن ٹنڈولکر کے بعد سب سے نوجوان کرکٹر ہیں جنہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔بولروں میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین پہلے اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔ دس اولین بولروں میں کوئی پاکستانی یا انڈین کھلاڑی شامل نہیں ۔