لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ کے لیے سیکورٹی اور پارکنگ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور تیار کئے گئے پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ کے لیے سیکورٹی انتظامات انتہائی سخت کیے گئے ہیں۔ ٹیم کی سیکورٹی کے لیے مجموعی طور پر 5000 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات اور 100 سے زائد ایلیٹ فورس کی گاڑیاں ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔ ٹیم کے روٹ پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کی جا چکی ہے جبکہ ٹیم کی کہیں بھی آمدورفت پر دیگر ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔ میچ کے لیے ہوٹل سے سٹیڈیم ٹیم کی آمد کے موقع پر مال روڈ نہر اور پھر نہر سے فیروزپور روڈ اور فیروز پور روڈ سے قذافی سٹیڈیم تک ہر طرح کی ٹریفک بند کر دی جائے گی۔ اسی طرح ٹیم کی واپسی کے لئے بھی یہی عمل دہرایا جائے گا۔ پہلے میچ کے لیے بھی انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں جس کے تحت شائقین کی بسیں ، کاریں اور موٹر سائیکلیں سینٹر پوائنٹ پر پارک کی جائیں گی جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کے لیے مقامات بھی الگ الگ مخصوص کیے گئے ہیں۔ گاڑیاں گلبرک کالج کے ساتھ پارک کی جائیں گی جبکہ موٹر سائیکلیں سینٹر پوائنٹ کے قریب کھڑی کی جائیں گی۔ وی وی ا?ئی پی پارکنگ کے لیے گاڑیاں فیفا آفس کے سامنے سے ہو کر فٹ بال گراﺅنڈ میں پارک ہونگی۔ دوسری جانب پولیس نے شائقین کرکٹ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دو سے اڑھائی گھنٹے پہلے سٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ سیکورٹی چیکنگ کے بعد وہ وقت پر سٹیڈیم میں داخل ہو سکیں۔