لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان میں عالمی کرکٹ کا قحط ختم ہونے کا وقت جوں جوں قریب آ رہا ہے ، کرکٹ دیوانوں کی خوشیاں تو بڑھ ہی رہی ہیں لیکن قومی فنکار اور پلیئرز کے جوش میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کا اظہار وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پاکستان کے ویران میدان آباد ہونے کی خوشی میں شائقین کرکٹ ، فنکار اور مایہ ناز قومی کرکٹرز کا جوش و جذبہ دیدنی ہے ، سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر بھی ان دنوں قومی کرکٹ کی بحالی کا خوب چرچا ہے۔ پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی اپنے خوشی کو روک نہ پائیں اور اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں آج کے دن کا شدت سے انتظار تھا۔ ان کے علاوہ قومی ون ڈے کپتان اظہر علی نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں بھی پاک زمبابوے ٹی ٹونٹی کے حوالے سے آج کے دن کو شاندار قرار دیا۔ پاکستان کے جارح مزاج قومی بلے باز احمد شہزاد نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کرکٹ بحالی پر خوشی کا اظہار کیا اور زمبابوے ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے پی سی بی کی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔ پاکستانی پیسر وہاب ریاض بھی ٹوئٹر پر پاک زمبابوے ٹی ٹونٹی میچ سے متعلق خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔