لاہور ( این این آئی) پاکستان اورزمبابوے کے درمیان دوٹی ٹونٹی اورتین ون ڈے انٹرنیشنل کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں 5پچیں تیار کر لی گئیں ۔ کیوریٹر بشیراحمد کاکہنا ہے کہ اسٹیڈیم کودلکش اورجاذب نظربنانے کیلئے عملے نے دن رات محنت کی ہے۔پاکستان میں 6سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان اورزمبابوے سیریز کے ساتھ بحال ہورہی ہے۔ سیریز کے دو ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ گراﺅنڈ کی تزئین و آرائش اورنئی گھاس لگا کر دلکش اورخوبصورت بنایا گیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم کے ہیڈ کیوریٹر بشیراحمد کا کہنا ہے کہ گرانڈ اسٹاف اسٹیڈیم کی رونقیں بحال ہونے پر بیحد خوش ہے اور ہم نے پی سی بی کی ہدایات کی روشنی میں اسٹیڈیم کوخوبصورت بنانے پر سخت محنت کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اسٹیڈیم میں 16وکٹیں موجود ہیں۔ پاک، زمبابوے سیریز کیلئے پانچ وکٹیں تیار کی گئی ہیں جبکہ 6وکٹیں دونوں ٹیموں کی پریکٹس کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ وکٹوں کی تیاری کیلئے مٹی نارووال روڈ کے گاﺅں ونڈالہ سندھواں سے لائی گئی ہے۔زمبابوے کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کی وکٹ کوحتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ وکٹیں ٹی ٹونٹی میچز کے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی گئیں ہیں۔ دونوں پچز پر شائقین کرکٹ کو دلچسپ کھیل دیکھنے کا موقع ملے گا