لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 29کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے لئے فہرست مرتب کر لی، حیرت انگیزفیصلہ کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ اسپن بالر سعید اجمل کو اے کیٹیگری سے ڈراپ کر کے بی کیٹیگری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی نے پی سی بی حکام کے حوالے سے بتایا کہ سنٹرل کنٹریکٹ کمیٹی نے 29کھلاڑیوں کے نام فائنل کرلیے ہیں۔ کھلاڑیوں کو اے ،بی اور سی کیٹیگری میں شامل کیا گیاہے۔ مصباح الحق،شاہدآفریدی،اظہرعلی،محمد حفیظ،یونس خان اور سرفراز احمد کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔بالنگ ایکشن کلیئر کرنے کے بعد تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے پر سعید اجمل کو اے کیٹیگری سے نکال کر بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ وہاب ریاض،عمراکمل،احمد شہزاد،عمرگل،جنید خان، محمدعرفان،سہیل تنویر،ذوالفقاربابر اور راحت علی کو بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ احسان عادل،حارث سہیل،سمیع اسلم،بابراعظم،سہیل خان، محمدرضوان،عمران خان کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان زمبابوے سیریز کے بعد کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ کی حتمی منظوری دیں گے۔