ممبئی (نیوز ڈیسک) چنائی سپر کنگز کے کپتان مہیندرا سنگھ دھونی کو امپائر کے فیصلے پر سرعام نامناسب تبصرہ کرنے پر میچ فیس میں کٹوتی کی سزا سنائی گئی ہے۔ مہیندرا سنگھ دھونی نے ممبئی انڈینز کیخلاف اتوارکے روز کھیلے گئے میچ کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امپائر کے فیصلے کو وحشتناک کہا تھا۔ دھونی کی ٹیم اس کوالیفائنگ میچ میں 25رنز سے ہار گئی تھی۔ اس شکست کی ایک وجہ ناقص امپائرنگ تھی۔دوسری اننگز کے آغاز پر جب ڈیوائن سمتھ میدان میں آئے تو لستھ ملنگا کی ایک فل ٹاس گیند پر امپائر رچرڈ النگورتھ نے انہیں ایل بی ڈبلیو دیا تھا۔ری پلے سے واضح ہوا کہ گیند لیگ سٹمپس سے نمایاں دور تھی۔ اسی فیصلے پر دھونی نے امپائر کیخلاف اپنا غصہ نکالا۔ ان کیخلاف درجہ اول کا جرم ثابت ہوا ہے اور انہوں نے اسے قبول بھی کیا ہے جس پر ان کی میچ فیس میں سے بطور جرمانہ10فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ دھونی کی ٹیم آج راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے بیچ ہونے والے میچ کے فاتح کیخلاف جمعہ کے دن میچ کھیلے گی۔ آئی پی ایل فائنل تک رسائی کا یہ دھونی اینڈ کمپنی کے پاس آخری موقع ہوگا۔