لا ہو ر (نیوز ڈیسک)لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران زمبابوے کرکٹ ٹیم کے وفد کے سربراہ عزیس کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک مقبول کھیل ہے جس میں کسی بھی ملک کو تنہائی کاشکار نہیں کرنا چاہئے، زمبابوے بھی اس کا شکار رہا ہے جس کی وجہ سے ہم پاکستان میں کرکٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم تمام خدشات کے باوجود یہاں آئے اور رضا کارانہ طور پر ایک اچھے اقدام کا آغاز کیا۔ پاکستانی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ دیکھنے کے خواہش مند تھے اور ہم پاکستانی کرکٹ شائقین اورعوام کی خواہش کومدنظررکھ کر پاکستان آئے۔ اس موقع پر زمبابوے ٹیم کے کپتان ایلٹن چکمبورہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے بے انتہا پیار کرتے ہیں اور وہ اپنے ملک میں اپنے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، وہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے اور اپنے بھائیوں سے ملنے آئے ہیں، پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھ رہے ہیں یہاں سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ ا±مید ہے کہ پاکستان کے خلاف عمدہ پرفارمنس دیں گے اوردونوں ممالک کے درمیان اچھی سیریز کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ دورہ پاکستان کے دوران زمبابوے کی ٹیم 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچ کھیلے گی، ٹی ٹوئنٹی کا پہلا میچ 22 اور دوسرا 24 جب کہ ون ڈے سیریز کے میچز بالترتیب 29،26 اور 31 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔