لاہور(نیوزڈیسک)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے تناظر میں قذافی اسٹیڈیم ،نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ٹیم کے قیام کے مقام کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیدیا ،بجلی کی بلا تعطل فراہمی اورمانیٹرنگ کےلئے کوئیک رسپانس سمیت مجموعی طو رپر چار ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے قذافی اسٹیڈیم ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ٹیم کے قیام کے مقام کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیدیا ہے اوان مقامات کو چار فیڈرز کے ذریعے 19سے 31مئی تک بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی ۔چیف انجینئر ساﺅتھ ریجن مجاہد اسلام باللہ نے بتایا کہ زمبابوے کا دورہ پاکستان بہت اہم ایونٹ ہے اور اسی سلسلہ میں لیسکو نے ہائی الرٹ رہتے ہوئے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور جہاں پر مہمان ٹیم قیام کرے گی ان مقامات کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لیسکو کی طرف سے بلا تعطل فراہمی کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاہم کسی بھی خرابی کی صورت میں پی سی بی کے پاس متبادل کے طور پر جنریٹرز بھی موجود ہیں جنہیں فوری استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ گرڈ اسٹیشنزاور قذافی اسٹیڈیم کے کنٹرول میں لیسکو کی ہائی مینجمنٹ موجود رہے گی ۔بلا تعطل بجلی کی فراہمی کےلئے تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جبکہ مانیٹرنگ کےلئے بھی کوئیک رسپانس ٹیم قائم کی گئی ہے