ممبئی (نیوز ڈیسک)چیمپئنز لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے مستقبل کا فیصلہ 24 مئی کو ہو گا۔ بورڈ آف کرکٹ کنٹرول فار ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا نے 24 مئی کو رواں آئی پی ایل کا فائنل میچ دیکھنے کیلئے کرکٹ آسٹریلیا کے صدر جیمز سدرلینڈ، ویلی ایڈورڈز جبکہ کرکٹ ساﺅتھ افریقہ بورڈ کے سربراہ کرس نینزئی اور ہارون لورگاٹ کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی ہے اور اس موقع پر کولکتہ میں ایک اجلاس بھی منعقد ہو گا جس میں بی سی سی آئی، سی اے، سی ایس اے حکام سمیت فنڈنگ پارٹنرز چیمپئنز لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی قسمت کے بارے تبادلہ خیال کریں گے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیان میں کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹ ساﺅتھ افریقہ کے سربراہان کو آئی پی ایل کا فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دینے کی تصدیق کی اور کہا اس میچ کے موقع پر ایک اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں چیمپئنز لیگ کی قسمت کا فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکن بورڈز کے حکام کو بھی دعوت نامے ارسال کر دیئے ہیں۔