اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل شروع ہوچکا ہے تو دوسری طرف قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آج ہو رہا ہے۔ پاک زمبابوے ٹی 20 سیریزکے لئے ٹکٹ کی قیمت دو سو پچاس سے پندرہ سو روپے تک رکھی گئی ہے جبکہ کرکٹ شائقین کے لئے ون ڈے میچ کی ٹکٹ ڈیڑھ سو سے ایک ہزار روپے تک دستیاب ہوگی۔ سیریز کے لئے ٹکٹیں آن لائن بھی خریدی جاسکتی ہیں۔ دوسری طرف ٹیم کے انتخاب کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی ا?ج سر جوڑے گی ، اجلاس میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور ون ڈے ٹیم کے قائد اظہر علی بھی شرکت کرینگے جبکہ ٹی 20 سکواڈ کو فائنل کرنے کے لئے کپتان شاہد آفرید ی سے مشاورت فون پر کی جائے گی۔ سیکشن کمیٹی پہلے ہی اس بات کو واضح کر چکی ہے کہ ٹیم کا اعلان قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو پرکھنے کے بعد کیا جائے گا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا آغاز 22 مئی کو ٹی 20 میچ سے ہوگا۔ دو ٹی 20 اور تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔