لندن (نیوز ڈیسک) سٹار انگلش بلے باز کیون پیٹرسن نے ٹیم میں دوبارہ شامل نہ کئے جانے کے فیصلے پر دکھ اور برہمی کا اظہار کیا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیئرمین کولن گریوز نے پیٹرسن کو آس دلائی تھی کہ اگر وہ کاﺅنٹی کرکٹ میں زیادہ رنز کریں تو انہیں میرٹ پر دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن نومنتخب ڈائریکٹر سٹراﺅس نے پیٹرسن پر واضح کر دیا کہ ٹیم کو ان کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ مستقبل میں ہمارے پلان کا حصہ ہوں گے۔ پیٹرسن نے ٹیم میں واپسی کیلئے رواں آئی پی ایل ایٹ سے بھی دستبرداری کی اور انہوں نے سرے کی طرف سے کیریئر کی پہلی ٹرپل سنچری بھی بنائی جس کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن سٹراﺅس نے ان کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا اور کہا کہ ہم پیٹرسن پر دوبارہ اعتماد نہیں کر سکتے۔ پیٹرسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ای سی بی کے فیصلے سے بہت دکھ ہوا، میں نے ٹیم میں واپسی کیلئے سرتوڑ کوشش کی اور ٹرپل سنچری بنانے کے بعد میں ملک کی طرف سے دوبارہ کھیلنے کا حقدار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے حالیہ فیصلوں سے کافی مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا لیکن اس کا جواب میں ای سی بی کے چیئرمین سے لوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اب میں آئی پی ایل کھیلنے جا رہا ہوں اور واپسی کے بعد ہی مستقبل کے بارے فیصلہ کروں گا۔