لاس اینجلس (نیوزڈیسک) شطرنج کی بازی جیتنا تجربے اور سنجیدہ دماغ لوگوں کا کام لگتا ہے تاہم امریکہ کی11سالہ کریسا یس اپنی تمام تر شوخیوں شرارتوں کے باوجود بھی چیس کے سنجیدہ کھلاڑیوں کے ہم پلہ اس کھیل میں مہارت رکھتی ہیں۔ کریسا کا شمار امریکہ کے کمسن ترین چیس کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور انہوں نے حال ہی میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کیلئے فلاڈیلفیا کے ایک ایسے مقابلے میں شرکت کی جس میں وہ بیک وقت31بساطوں پر کھیل رہی تھیں۔ ہر بساط پر ان کے مقابل موجود کھلاڑی کم از کم بھی ان سے دوگنا عمر کا تھا۔ ننھی سی عمر میں چیس میں مہارت اس امر کا ثبوت ہے کہ کریسا انتہائی چھوٹی عمر سے یہ کھیل رہی ہیں تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ خود کریسا کو بھی یہ یاد نہیں کہ انہوں نے کب اپنے کوچ جو کہ ان کے والد بھی ہیں سے شطرنج کھیلنا سیکھنا شروع کی تھی۔ کریسا کی خواہش ہے کہ وہ شطرنج کو دنیا کے چوٹی کے معروف کھیلوں میں شامل کروا سکیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں