کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کلائی کے آپریشن کے بعد زمبابوے کے خلاف سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کلائی میں ہڈی کا ٹکڑا کافی دن سے صہیب مقصود کو کافی تکلیف دے رہا تھا جس کے باعث وہ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے۔ پی سی بی میڈیکل پینل نے صہیب کو کلائی کا آپریشن کرانے کا مشورہ دیا تھا۔ کلفٹن کراچی میں آپریشن کرانے کے بعد وہ اپنے آبائی شہر ملتان منتقل ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں چھ ہفتے درکار ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ فزیو تھراپی کرانے کے بعد وہ بیٹنگ شروع کر سکیں گے۔ امکان ہے کہ وہ جون میں سری لنکا کے دورے تک مکمل فٹ ہوجائیں گے۔