لاہور(نیوزڈیسک )فاسٹ بالر عمران خان کو سہیل خان کی جگہ دورہ بنگلہ دیش کےلئے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ۔جبکہ پی سی بی نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس مسائل کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے ۔فاسٹ باﺅلر سہیل خان دورہ بنگلہ دیش کے ون ڈے اور ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کئے گئے تھے لیکن پٹھوں میں کھچاﺅ کی وجہ سے وہ ون ڈے سیریز سے باہر ہو چکے تھے اور اب پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں بھی سہیل خان حصہ نہیں لیں گے اور ان کی جگہ عمران خان قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہونگے۔ عمران خان کو دورہ سری لنکا کے لئے اے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن اب ان کی جگہ نوجوان لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلر ضیا الحق اے ٹیم میں شامل کر لئے گئے ہیں۔ عمران خان اب تک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز میں سات وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ بورڈ نے شکیل شیخ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے جو کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل کاجائزہ لینے کے بعد گورننگ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔