لاہور(نیوز ڈیسک)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ او رویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی کا باؤلنگ ایکشن درست قرار دیدیا ،محمد حفیظ بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں بالنگ کر سکیں گے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پی سی بی کواس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 9 اپریل کو بھارت کے شہر چنائی میں باؤلنگ ٹیسٹ دیا تھا۔ ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں بھی محمد حفیظ نے دعوی کیا ہے کہ ان کا باؤلنگ ایکشن کلیئر ہو گیا ہے اور انہوں نے ایکشن کلیئر قرار دئیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ حفیظ نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں میرے اہل خانہ ‘ دوستوں اور پرستاروں نے حوصلہ دیا اور دعائیں کیں جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق باؤلرز کو اپنی کہنی کو پندرہ ڈگری سے زیادہ خم دینے کی اجازت نہیں ہے جبکہ محمد حفیظ کی کہنی میں 24 ڈگری کا خم ریکارڈ کیا گیا تھا۔