کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کو ورلڈ کپ کے ابتدائی میچز نہ کھلانے پر معذرت کر لی ہے۔ ہیڈ کوچ نے ایک انٹرویو میں وکٹ کیپر بلے باز کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”سرفراز احمد میچ ونر ہیں اور انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی نمبر پر کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ”ورلڈ کپ میں سرفراز کو تاخیر سے موقع دینے پر وقار نے معذرت خواہانہ انداز میں کہا کہ” چونکہ وہ ابتدا میں فارم میں نہیں تھے اور ان کی کارکردگی مو¿ثر نہیں تھی اس لئے آنہیں ابتدائی میچز میں موقع نہیں دیا گیا۔ البتہ اس فیصلے سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت چاہتا ہوں۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ کے ابتدائی چار میچز میں سرفراز احمد کو موقع نہ دینے پر وقار یونس کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس دوران سرفراز کی جگہ بحیثیت اوپنر ناصر جمشید کو کھلایا گیا جو چار میچوں میں محض پانچ رنز بنا سکے۔ اسی دوران ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”مجھے نہیں پتہ تھا کہ سرفراز اوپن بھی کرتے ہیں۔” اور ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ ‘سرفراز بطور وکٹ کیپر چھٹے نمبر پر کھیلتے ہیں اور ہم آن سے اوپن کروا کر ان کی فارم اور کیریئر خراب کرنا نہیں چاہتے۔