اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے سابق آف سپنر توصیف احمد نے کہا ہے کہ رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کو زیر کرنے کیلئے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ اور فیلڈنگ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں رواں ورلڈ کپ کے اہم گروپ بی میچ میں (آج) ہفتہ کو آکلینڈ کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں مختلف ٹیمیں کئی بار تین سو سے زائد رنز بنا چکی ہیں لیکن پاکستانی ٹیم ابھی تک صرف ایک بار تین سو رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئی، جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے بیٹنگ آئی تو گرین شرٹس کو کم از کم تین سو رنزوں کا ہدف ذہن میں رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلے بازوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ رنز بنا کر باؤلرز کو سپورٹ کریں، مجھے یقین ہے کہ محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض پروٹیز بلے بازوں کیلئے خطرناک ہتھیار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ گرین شرٹس کو ریگولر وکٹ کپر سرفراز احمد کے ساتھ پروٹیز کے خلاف میچ میں جانا چاہیے، سرفراز بطور اوپنر جمشید سے زیادہ مفید ثابت ہوں گے، اگر وہ چالیس پچاس رنز بنا لیں تو پاکستان کو ایڈونٹیج ہو گا۔