سڈنی(نیوز ڈیسک) جنوبی افریقہ نے اے بی ڈی ولیئرز کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت ورلڈ کپ مقابلوں کا دوسرا بڑا ٹوٹل بنا ڈالا، گزشتہ روز سڈنی میں جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ولیئرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چھکوں اور چوکوں کی برسات کر دی جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز بنائے۔ ڈی ولیئرز نے ایک روزہ میچز کی تاریخ کے تیز ترین ڈیڑھ سو رنز بناکر نئی تاریخ رقم کی، انہوں نے یہ کارنامہ 64 گیندوں پر انجام دیا۔ 31 سالہ بلے باز نے 66 گیندوں پر 8 فلک شگاف چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 162 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ واضح رہے کہ یہ ورلڈ کپ مقابلوں کا دوسرا بڑا سکور ہے۔ عالمی مقابلوں کا سب سے بڑا ٹوٹل 413 ہے جو بھارت نے برمودا کے خلاف ترتیب دیا تھا۔