ایک شخص دریا کے کنارے کنارے جا رہا تھا کہ اسے کوئی چیز تیرتی ہوئی نظر آئی. کچھ صاف نظر نہیں آ رہا تھا کہ یہ چیز کیا ہے.غور سے دیکھنے پر اس شخص کو محسوس ہوا کہ یہ چیز دراصل ایک سیاہ رنگ کا کمبل ہے. اس شخص نے سوچا کہ یہ کمبل کشتی میں سفر کرتے ہوئے کسی مسافر کی غلطی سے دریا میں گر گیا ہے اور چونکہ ارد گرد کوئی انسان نظر نہیں آ رہا اس لیے وہ یہ کمبل لینے میں حق بجانب ہے.
وہ ابھی سوچ ہی رہا تھا کہ اس کمبل کو کیسے حاصل کرے کہ اچانک کچھ دوراسے ایک آدمی آتا ہوا دکھائی دیا. اس شخص نے سوچا کہ اس سے پہلے کہ وہ دوسرا آدمی بھی کمبل کو دیکھے اور اپنا حق جتائے، مجھے کچھ کرنا چاہئیے. یہ خیال آتے ہی اس شخص نے آؤ دیکھا نہ تاؤ دریا میں چھلانگ لگادی.وہ تیزی سے کمبل کی طرف تیرا اور آناَ فاناَ کمبل کو دبوچ کر اپنی طرف کھینچا. اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب کمبل نے بھی اسے کھینچنا شروع کر دیا. اس کھینچا تانی میں اس شخص پر یہ عقدہ کھلا کہ یہ کمبل در حقیقت ایک ریچھ ہے جو دریا کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ بہتا جا رہا تھا. ریچھ سے جان چھڑانے کے لیے، اس شخص نے ہاتھ پاؤں چلانے شروع کر دیے. اس دوران وہ دوسرا آدمی بھی کنارے تک پہنچ چکا تھا. جب اس نے کمبل والے شخص کو ڈوبتے ابھرتے دیکھا توچلا کر پوچھا کیا تمہیں تیرنا آتا ہے. جواب میں ڈوبتے ہوئے شخص نے بھی چلا کر کہا، ہاں، لیکن یہ کمبل مجھے تیرنے نہیں دے رہا.اس آدمی نے دوبارہ چلا کر کہا، اس کمبل کو چھوڑو اور کنارے کی طرف تیر کر اپنی جان بچاؤ. ڈوبنے والے نے بے بسی کے ساتھ کہا،میں تو کمبل کو چھوڑ رہا ہوں، کمبل مجھے نہیں چھوڑ رہا.ٹھیک اسی طرح آج ہم لوگ بھی دنیا کے دریا میں بہتے کمبلوں سے چمٹ گئے جب ان کی حقیقت آشکار ہوئی تب تک کافی دیر ہوچکی تھی کیونکہ ان کمبلوں نے اب ہم لوگوں کو دبوچ لیا ہے.
سات باتیں
ایک شخص ایک عقلمند کے پیچھے سات سو میل’ سات باتیں دریافت کرنے کے واسطے گیا۔۔ جب وہاں پہنچا تو کہا !!!
ًمیں اتنی دور سے سات باتیں دریافت کرنے آیا ہوں ۔۔”
آسمان سے کون سی چیز زیادہ بھاری ہے ؟
زمین سے کیا چیز وسیع ہے ؟
پتھر سے کون سی چیز زیادہ سخت ہے ؟
کون سی چیز آگ سے زیادہ جلانے والی ہے؟
کون سے چیز زمہریر سے زیادہ سرد ہے ؟
کون سی چیز سمندر سے زیادہ غنی ہے ؟
یتیم سے زیادہ کون بدتر ہے ؟
عقلمند نے جواب دیا !!
ًبے گناہ پر بہتان لگانا آسمانوں سے زیادہ بھاری ہے ۔۔
اور حق زمین سے زیادہ وسیع ہے اور کافر کا دل پتھر سے زیادہ سخت ہوتا ہے ۔۔
حرص و حسد آگ سے زیادہ جلائے جانے والی ہیں اور رشتے داروں کے پاس حاجت لے جانا اور کامیاب نہ ہونا زمہریر سے زیادہ سرد ہے ۔۔
قانع کا دل سمندر سے زیادہ غنی ہے اور چغل خور کی حالت یتیم سےبدتر ہوتی ہے



















































