نیاگرا آبشار:

براعظم شمالی امریکا میں کینیڈا اور ریاست ہائے متحدہ امریکا کی سرحد پر واقع دنیا کی مشہور ترین آبشار ہے‘ جسے اللہ رب العالمین کے تخلیق کردہ حسن فطرت کا عظیم شاہکار اور دنیا کے قدرتی عجائبات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہ آبشار کینیڈا کے صوبہ اونٹاریواور امریکا کی ریاست نیویارک کے درمیان واقع ہے۔ اسے پہلی بار1678ء میں لوئس ہیپی پن نے دریافت کیا۔ 1759ء میں سیورڈی لاسالی نے یہاں ایک قلعہ تعمیرکروایا جس کا نام بعدازاں فورٹ نیاگرا ہوگیا۔انگریزوں نے سرولیم جانسن کی زیر قیادت جنگ میں یہ قلعہ فرانسیسیوں سے چھینا۔ 1819ء میں دریائے نیاگراکو امریکا اور کینڈیا کے درمیان سرحد تسلیم کیاگیا اور1848ء میں نیاگرا کو قصبہ تسلیم کرلیاگیا بعد میں یہی قصبہ 1892ء میں شہر کا روپ اختیار کرگیا۔امریکا اور کینیڈا سے بذریعہ ہوائی جہاز سڑک یاریل گاڑی نیاگرا پہنچا جا سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان رابطہ بذریعہ ریل سے ہی ہے۔ جہاں دریائے نیاگرا پر2پل واقع ہیں۔ جن میں سے(قوس قزح پل) بہت مقبول ہے جو1941ء میں تعمیر ہوا اور اس کا تعمیراتی حسن آج بھی برقرار ہے۔قوسی شکل میں تعمیر کردہ یہ پل امریکا اور کینیڈا کے درمیان مصروف ترین گزر گاہ ہے۔ آبشار کا زیادہ حسین حصہ کینیڈا کی طرف ہے جس کے لئے قوس قزح پل پر سے بذریعہ گاڑی یا پیدل کینیڈا میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔ امریکا اور کینیڈا کے شہریوں کے لئے سرحد عبور کرنے کے لئے ویزہ کی ضرورت نہیں ہوتی جبکہ دوسرے ممالک کے شہریوں کے لئے ویزہ حاصل کرنا لازمی قرار دیاگیا ہے۔ دریائے نیاگرابراعظم شمالی امریکا کی عظیم جھیلوں میں سے دو جھیلوں ایری اور اونٹاریوکو آپس میں ملاتا ہے۔ اس دریا میں واقع جزیرہ گوٹ دریائے نیاگرا کو2حصوں میں تقسیم کرتا ہے جس سے نیاگرائی عظیم آبشاریں جنم لیتی ہیں۔ دراصل نیاگرا آبشار کے تین بڑے حصے ہیں جن میں سے سب سے بڑا اور متاثر کن حصہ کینیڈا کی جانب ہے او ر گھوڑے کی نعل کی شکل میں ہونے کے باعث ہارس شو کہلاتا ہے۔ اس آبشار کی لمبائی173فٹ ہے اور چوڑائی2500 فٹ ہے‘ امریکاکی جانب بہنے والی آبشار کو امریکی آبشار کہتے ہیں جس کی لمبائی182 فٹ ہے اور اس کی چوڑائی 1100فٹ ہے۔ تیسری نسبتاً چھوٹی آبشار برائیڈل ویل کہلاتی ہے۔ ان تینوں آبشاروں سے فی سیکنڈ 202,000مکعب فٹ پانی 180فٹ کی بلندی سے نیچے آتا ہے اور اسی عظیم نظارے اور قدرت کے اس شاہکار کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے قریباً 40لاکھ سیاح ہر سال نیاگرا کا رخ کرتے ہیں اور قدرت کی کرشمہ سازی کا نظارہ کرتے ہیں۔ بذریعہ کشتی سیاح نیاگرا آبشار کا بہت قریب سے بھی نظارہ کر سکتے ہیں جبکہ آبشار کے پانی سے بننے والی حسین قوس قزح کا فضائی نظارہ کروانے کے لئے ہیلی کاپٹروں کی پروازیں بھی ہوتی ہیں جہاں سے نیاگرافال کا نظارہ اور حسین دکھائی دیتا ہے۔ نیاگرا آبشار کا علاقہ دونوں ممالک کے لئے قومی پارک کا درجہ رکھتا ہے اور امریکا میں نیاگراریزرویشن اسٹیٹ پارک ریاست ہائے متحدہ امریکاکے قدیم ترین پارکوں میں سے ایک ہے جو1885ء میں امریکی حکومت نے اپنے زیر انتظام لیا تھا۔یہ پارک107ایکڑ رقبہ پر محیط ہے۔اپنے شاندار حسن کی بدولت اہم ترین سیاحتی مقام ہونے کے علاوہ یہ آبشار اونٹاریو اور نیویارک کیلئے پن بجلی کے بڑے وسیلے کا باعث بھی ہے۔



















































