بل گیٹس دنیا کا امیر ترین شخص ہے‘ یہ اس وقت 79ارب ڈالر کا مالک ہے اس کے ایک گھر کا سالانہ ٹیکس10لاکھ ڈالرہے ۔ امریکی ریاست واشنگٹن میں بنائی گئی اس گھر کی کل قیمت63ملین ڈالرزہے۔ کیا دنیا کا امیر ترین شخص دنیا کے مہنگے ترین گھر کا بھی مالک ہے؟ اگر بل گیٹس کی 63 ملین کی ملکیت ڈالرز کا گھر دنیا کا مہنگا ترین گھر نہیں تو پھر دنیا کا مہنگا ترین گھر کہاں اور کس کے پاس ہے؟ اسے کس نے اور کتنی قیمت پر خریدا ۔یہ بھی عجیب اتفاق ہے کہ دنیا کے دس مہنگے ترین گھروں میں بل گیٹس ہاؤس کا ذکر نہیں۔زیر نظرمضمون میں دنیا کے دس مہنگے ترین گھروں کا ذکر کیا گیا ہے
اینٹیلیا ممبئی:
اینٹیلیا بحریہ اوقیانوس کا ایک جزیرہ ہے ۔ بھارت کے شہر ممبئی میں اینٹیلیا کے نام سے بننے والا یہ گھر دنیا کا سب سے مہنگا ترین گھر ہے۔ اس گھر کی قیمت1ارب امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے‘ اس کو بھارت کے سب سے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے2006ء میں تعمیر کیا تھا‘ اس کی اونچائی 570 فٹ ہے جبکہ یہ گھر4لاکھ مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔27 منزلہ یہ عمارت فن تعمیر کا ایک عجوبہ دکھائی دیتی ہے ۔ 27منزلوں میں6 منزلیں صرف گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختص ہیں جس میں مکیش امبانی کی 168 گاڑیاں پارک کی جاتی ہیں۔50 لوگوں کیلئے ایک ’’ہوم تھیٹر‘‘ اور ایک منزل سے دوسری منزل تک جانے کیلئے9 لفٹس بھی بنائی گئی ہیں۔ آخری منزل کی چھت پر 3ہیلی پیڈبھی بنائے گئے‘ گھر کی دیکھ بھال کیلئے600 ملازم رکھے گئے جو ہر وقت موجود رہتے ہیں۔ ستمبر2010ء میں اس گھر کے حوالے سے ایک دلچسپ اور حیرت انگیز واقعہ دیکھنے کو ملا جس سے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کوحیران کر دیا ۔ یہ ستمبر2010ء کے مہینے کا بجلی کا بل تھا جی ہاں! یہ بل70لاکھ روپے کا تھا جو بھارت کے70ہزار گھرانوں کے بل کے برابر ہے۔
ویلالیوپولڈا کوٹے دازور ۔ فرانس:
مزید پڑھئےچکنائی سے بھرپور خوراک کا استعمال کولیسٹرول میں اضافے کا سبب
اینٹیلیا کے بعد ویلالیوپولڈادنیا کا دوسرا مہنگا ترین گھر ہے‘فرانس کے ساحل پر واقع یہ شاندار حویلی1902ء میں بلجیئم کے بادشاہ لیوپولڈIIکیلئے تعمیر کی گئی تھی۔ فرانس کے بزنس ٹائکون میخائل پروخرو نے 2008ء میں اس کو50 کروڑ60لاکھ امریکی ڈالرز میں خریدا۔ یہ 29ہزار مربع فٹ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے‘ اس میں 11بیڈ رومز جبکہ14 باتھ رومز بنائے گئے ہیں۔ خوبصورت لاؤنج اور سوئمنگ پول گھر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتی ہے۔ فرانس کے جنوب میں واقع سمندر کے نظارے کیلئے اس ویلا کو سب سے بہترین جگہ سمجھا جاتا ہے۔
دی بنت ہاؤس لندن:
مزید پڑھئے:انڈے کا استعمال صحت کےلئے نقصان دہ نہیں
لندن میں واقع ’’ دی بنت ہاؤس‘‘ ایک رہائشی فلیٹ ہے‘اس کو دفتر کیلئے 1950ء میں تعمیر کیاگیا ۔2004ء میں نک اور کینڈی دوبھائیوں نے اس فلیٹ کو20کروڑ ڈالرز میں خریدا۔ اگست2010ء میں اس کو20کروڑ20لاکھ ڈالرز میں بیچنے کے بعد یہ دنیا کا تیسرا مہنگا ترین گھر جبکہ دنیا کے مہنگے ترین فلیٹس کی فہرست میں پہلے نمبرپر آ گیا۔ یہ چھ کمروں اور سکوائش کورٹ پر مشتمل ہے۔ اغواء کاروں سے بچنے کیلئے ایک خفیہ کمرہ بھی بنایاگیا‘ سکیورٹی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فلیٹ کی تمام کھڑکیاں بلٹ پروف بنائی گئی ہیں۔
فیئر فیلڈ پونڈدی ہامپٹسنز:
مزید پڑھئے:دنیا کا خطرناک ترین راستہ عوام کےلئے پھر کھول دیا
یہ گھر فیئر فیلڈ تالاب کے بالکل سامنے تعمیر کیاگیا‘ یہ امریکی بزنس میں ایرا رینرٹ کی ملکیت ہے جس کی کل قیمت19کروڑ80لاکھ ڈالرہے۔ دی بنت ہاؤ س کے بعد یہ دنیا کے مہنگے ترین گھروں کی فہرست میں چوتھے نمبرپر ہے۔ یہ63 ایکڑز زمین پر تعمیر کیاگیا ہے‘ ایک لاکھ مربع فٹ پر پھیلے ہوئے ا س گھر میں باسکٹ بال کورٹ سکوائش کورٹ ٹینس کورٹ سمیت29بیڈرومز اور 39باتھ رومز ہیں جبکہ اس میں خوبصورت لان بھی بنائے گئے ہیں۔
ہارٹ فسن:
مزید پڑھئے:چلی میں پچاس سال قبل لاپتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ مل گیا
یہ گھر1919ء میں امریکا کے بزنس ٹائیکون ویلیئم رانڈوپ ہارٹ کیلئے تعمیر کیاگیا ۔16کروڑ50لاکھ ڈالر کی قیمت کے ساتھ یہ دنیا کا پانچواں مہنگا ترین گھر ہے‘ پانچ منزلہ اس عمارت میں56کمرے 61 باتھ رومز ٗ127 ایکڑ پر مشتمل باغیچےسوئمنگ پولز ٹینس کورٹس اور تھیٹر بھی بنایاگیا‘ دنیا کا سب سے بڑا پرائیویٹ چڑیا گھر بھی ہارٹ فسن میں ہے۔امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع یہ گھر90 ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے ۔1976ء میں امریکا کے مشہور وکیل لیونارڈ رو س نے اس کو خریدا۔
فرنچک ویلا کنسگٹن:

بیل گریویا سنٹرل لندن میں واقع ہے ‘اس گھر کو لبنان کے موسیٰ سلیم نے16کروڑ10لاکھ ڈالرز میں خریدا جس کے بعد یہ ہارٹ فسن کے بعد دنیا کا چھٹا مہنگا ترین گھر قرار پایا۔ یہ21ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے‘ یہ عمارت6منزلوں پر مشتمل ہے ‘گھر کے تہہ خانے میں سوئمنگ پول سمیت ایک جم خانہ ہوم تھیٹر ایک گیراج روم اور نیوز ہاؤس بھی بنایاگیا ہے۔
دی پینکل مونٹانا:

10کمروں پر مشتمل اس گھر کی قیمت15کروڑ50لاکھ ڈالرز ہے جبکہ دنیا کے مہنگے ترین گھروں کی فہرست میں ساتویں نمبرپر ہے ۔ یہ گھر ٹیلیو سٹون کلب کے مالکان اہدرا اور ٹائم بلکسیت کی ملکیت ہے ‘یہ گھر امریکی ریاست مونٹانا میں واقع ہے جہاں سا ل کے بارہ مہینے برف پڑتی ہے۔ شدید سردی سے بچنے کیلئے گھر میں حرارت کا بندوبست بھی کیاگیاہے‘ ایک گرم سوئمنگ پول جم اور ایک میسج روم بھی بنایاگیا ہے۔
سپیلنگ مانورلاس اینجلس:

یہ گھر1991ء میں ایک ٹی وی پروڈیوسر آرون سپیلنگ نے تعمیر کیا تھا ایکڑز پر مشتمل یہ گھر لاس اینجلس کا سب سے بڑ اگھر سمجھا جاتا ہے۔ 3منزلہ اس عمارت میں123 بیڈ رومز اور27 باتھ رومز ہیں۔ ایک بیوٹی سیلون جبکہ100گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے جگہ بھی بنائی گئی ہے۔2سوئمنگ پولز ایک باغ اور ٹینس کورٹ بھی بنایاگیا ۔ برٹش ارب پتی بارنیز کی بیٹی پیٹرا نے اس گھر کو 15کروڑ ڈالرز میں خریدا جس کے بعد یہ دنیا کا آٹھوا ں مہنگا ترین گھر بن گیا ۔
آپ ڈاؤن کورٹ:

برطانیہ کے ضلع ونڈ یشام میں واقع یہ خوبصورت گھر 103 کمروں پر مشتمل ہے جس کی قیمت13کروڑ90لاکھ ہے۔ گھر کی تعمیر میں جدید فن تعمیر کا استعمال کیاگیا۔ 5سوئمنگ پولز ہوم تھیٹر اور گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے 8گیراج بھی بنائے گئے ‘گھر کی دیکھ بھال کیلئے 12ملازم بھی ہیں جبکہ گھر کی مینٹیننس پر سالانہ20لاکھ ڈالرز کا خرچ آتا ہے۔
بران کیسل:

بران کیسل دنیا کے مہنگے ترین گھروں کی فہرست میں دسویں نمبرپر ہے۔ اس گھر کی کل قیمت 13کروڑ50 لاکھ ڈالرز ہے۔ 1920ء میں رومانیہ کی ایک چوٹی پر بنائے گئے اس گھر میں رومانیہ کا بادشاہ رہائش پذیر تھا۔ 1920ء سے1957ء تک یہ شاہی رہائش گاہ کے طورپر استعمال کیاگیا۔ 200فٹ بلند چوٹی پر تعمیر کیاگیا یہ گھر60کمروں پر مشتمل ہے۔
























































