بمبئی میں اس کا عالی شان محل ایک لاکھ 20 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے‘ یہ دنیا کے کسی بھی دولت مند کے محل سے قیمت اور حجم میں بڑا ہے۔ اس محل نما پلازے کی 27 منزلیں ہیں‘ جس میں دنیا کی تمام پرتعیش سہولتیں دستیاب ہیں۔ اگر محل کی قیمت سے اوسطاً پانچ افراد کے لیے ایک مکان بنایا جائے تو صرف اس ایک کوٹھی سے 5000 مکانات بنائے جاسکتے ہیں جن سے پچیس ہزار افراد کو چھت مل سکتی ہے۔یوں مکیش اپنی ایک کوٹھی کی قربانی دے کر نئی دہلی کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر شب بسر کرنے والے پچیس ہزار افراد کو چھت فراہم کرسکتے ہیں۔اسی رقم کو اگراسپتالوں کے قیام پر صرف کیا جائے تو500 بڑے اسپتال بنائے جاسکتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر برازیلی لیلیٰ صفریٰ ہیں۔ ان کا فرانس کے شہر موناکو میں ایک عالی شان محل موجود ہے۔ لیلیٰ لبنانی نژاد ‘ادمون صفریٰ کی بیوہ ہے۔ ادمون چند سال قبل پراسرار طورپر انتقال کرگیا تھا۔ لیلیٰ کی موجودہ دولت ایک ارب 500 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ فرانس میں اس کا محل’’لیو بولڈا‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس نے دنیا کی جدید ترین سہولتوں سے مرصع اس محل کو چار سال قبل 780 ملین ڈالر میں خرید کیا۔ اس محل کی مساوی قیمت سے پسماندہ ملکوں میں50بڑے اسپتال قائم کیے جاسکتے ہیں جن میں ایک اسپتال میں روزانہ پانچ سو مریضوں کا جدیدسہولیات کے مطابق علاج ممکن ہے۔ فرانس کے علاوہ لیلیٰ کی لبنان‘ اٹلی‘ سویڈن اور لندن میں بھی لگژری رہائش گاہیں موجود ہیں۔
ارب پتی امریکی ائیرا لیون نیرٹ کا نیویارک میں قائم محل تیسری مہنگی ترین عمارت ہے جس کی مالیت دو کروڑ48لاکھ 5000 ڈالر سے زیادہ بیان کی جاتی ہے۔ ائیرا لیون کی اپنی دولت چھ ارب ڈالر ہے اور وہ دنیا میں دوسرے امیر ترین شخص مانے جاتے ہیں۔ کوئی دو ہفتے پیشتر لندن میں ’’نائیسٹ بریج‘‘ کے مقام پر ایک نامعلوم ارب پتی نے 237 ملین ڈالر کی رقم سے ایک عالی شان محل خرید ا ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا اس کا نیا مالک کو ن بنا ہے۔یوں یہ کسی بھی ارب پتی کی چوتھی مہنگی ترین عمارت سمجھی جاتی ہے۔ نائیسٹ بریج برطانیہ میں امراء کی رہائش گاہوں کے حوالے سے مشہور ہے جہاں کئی ارب پتیوں کے محلات بھی موجود ہیں۔
بھارتی ارب پتیوں میں لکشمی متل کا نام بھی دنیا کے بڑے دولت مندوں میں شامل ہے۔ لکشمی متل کی کل دولت 16 ارب 600 ملین ڈالر ہے۔ بھارت کے شہر دہلی‘ بنارس‘ بمبئی‘ کلکتہ اور مہاراشٹر سمیت کئی دوسرے شہروں میں اس کے درجنوں گراں قیمت محلات ہیں لیکن جس محل کا یہاں تذکرہ کیا جا رہا ہے وہ بھارت کے کسی شہر میں نہیں بلکہ برطانیہ کے شہرلندن میں واقع ہے۔’’نائیسٹ بریج‘‘ میں موجود لکشمی متل کی رہائش گاہ کی مالیت 222 ملین ڈالر ہے۔ اسی مقام پرکچھ عرصہ قبل ایک یوکرائنی خاتون ارب پتی رینا اخمیتوف نے 221 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک بلند وبالا عمارت خریدی۔ ارب پتیوں کی مہنگی رہائش گاہوں میں بھارت کے لکشمی متل کو پانچواں اور رینا اخمیتوف کا چھٹا نمبر ہے۔ رینا کی اپنی کل دولت 11 ارب 800 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔



















































