ریاض(این این آئی)سعودی پبلک سیکیورٹی کی نمائندگی کرنے والے ادارے جنرل ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے حرمین شریفین میں غیر مجاز گاڑیوں کا داخلہ روکنا شروع کردیا۔ 5 ذو الحج کی نصف شب سے لیکر 13 ذو الحج کے اختتام تک کسی غیر مجاز گاڑی کو مقدس مقامات میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حجاج کرام کو لے جانے والی بسوں کو وصول کرنے کی ابتدائی تیاری کے طور پر صرف مجاز گاڑیوں کو ہی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی فیلڈ ٹیمیں ایسی گاڑیوں کو واپس لینے کے لیے کام کریں گی جن کے پاس پرمٹ نہیں ہے۔ اس پابندی کا مقصد حج جیسی عظیم عبادت کو رکاوٹ سے پاک بنانا ہے تاکہ حجاج کرام پریشانی سے بچ کر حج ادا کر سکیں۔مزید برآں حج فورسز کی کمان برائے ٹریفک امور نے تصدیق کی کہ حج پرمٹ نہ رکھنے والوں کے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ قید اور فی کس 50 ہزار ریال جرمانہ ہو سکتا ہے۔