لاہور( این این آئی )آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل کی بیٹی کو محکمہ میں ملازمت دیدی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل اختر عباس کی بیٹی مومنہ عباس کو محکمہ پولیس میں بھرتی کر لیا ۔
ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کے اہل خانہ کو سنٹرل پولیس آفس میں مدعو کیا اور بیٹی کو ملازمت کا تقرر نامہ دیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کے ورثا ء کی بہترین ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہدا ء ہمارے فخر ہیں،ورثا ء کو کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں شہدا ء کے اہل خانہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔
پنجاب کانسٹیبلری ملتان بٹالین کے کانسٹیبل اختر عباس نے 2004 میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا تھا ۔گزشتہ ہفتے آئی جی پنجاب نے جہلم پولیس کے شہید کانسٹیبل ذیشان علی کی بہن کو محکمہ میں بھرتی کیا تھا۔



















































