لاہور (این این آئی) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ہر جیل بھج دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کی جج عبہر گل خان نے کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔پولیس کی درخواست پر محمود رشید کو تھانہ نصیر آباد کے مقدمے میں جیل سے طلب کیا گیا۔
پولیس نے موقف اختیار کیا کہ میاں محمود الرشید سے تفتیش کرنی ہے، محمود الرشید نے جلا گھیرا اور توڑ پھوڑ کے لیے کارکنان کو اکسایا، ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔محمود الرشید نے عدالت کو بتایا کہ مجھے ایک کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جا رہا ہے، تمام مقدمات میں بدنیتی کی بنیاد پر ملوث کیا گیا ہے۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے محمود الرشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔