اسلام آباد (مانیٹرنگ، این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی نجی ٹی وی سامنے لے آیا، اس ملاقات میں مریم نوازشریف بھی شریک تھیں۔
نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق شاہی محل میں ہونے والی اس ملاقات پاکستان کے مسائل اور ان کے حل کیلئے تفصیلی بات چیت کی گئی، نوازشریف نے ملاقات میں سعودی ولی عہد کو ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیاں اور خاندان پر بننے والے مقدمات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
محمد بن سلمان نے پاکستان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے انتہائی سنجیدگی ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان کو ہر صورت ان مسائل کو حل کرنا چاہیے اور معاملات کو بہتر بنانا چاہیے، یہ تمام معاملات بیٹھ کر ہی حل ہو سکتے ہیں۔نوازشریف نے بھی پاکستان کے مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ن لیگ کی جانب سے ایک سال میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سعودی عرب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود تھیں۔انہوں نے کہاکہ قائدین نے پاک-سعودی برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل پر بات کی۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نوازشریف نے سعودی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان اور نواز شریف کی ملاقات مثبت رہی جب کہ شاہی محل میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔