عمران خان نے رانا ثناء اللہ کے بیان سے متعلق درخواست عدالت میں دائر کر دی
اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بیان اور پی ڈی ایم حکومت کیخلاف ا سلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ پیر کو سابق وزیراعظم عمران خان نے رانا ثناء اللہ کے بیان کو دھمکی آمیز قرار دیا۔ عدالت میں دائر درخواست میں کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے ایک انٹرویو کے دوران درخواست گزار کو دھمکیاں دیں،یہ دھمکیاں موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کی ایما پر دی گئیں۔ عمران خان نے درخواست میں کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے درخواست گزار کیخلاف انتقامی کارروائیاں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔وزیر داخلہ کی جانب سے سنگین دھمکیوں کے باعث درخواست گزار کی جان کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگیا ،عدالت فریقین کو درخواست گزار کیخلاف کسی قسم کی کارروائی سے روکنے کا حکم دے جبکہ عدالت فریقین کو درخواست گزار کو گرفتار کرنے یا اسکی جان لینے سے روکنے کے احکامات بھی جاری کرے۔