اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعت پر پابندی بہتر عمل نہیں ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ آئین و قانون کی پاسداری کی جائے گی، ہم جو بات کر رہے ہیں وہ بھی آئین سے ہی کر رہے ہیں۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہمارے گلے شکوے عدلیہ کا احترام ملحوظ رکھتے ہوئے ہیں، ہم تسلیم کر رہے ہیں ایسے معاملات سے عدلیہ کا احترام مجروح ہوتا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمنٹ آئین کی پاسدار ہے اس کی رہنمائی میں تمام ادارے کردار ادا کریں گے، عمران خان کو ریلیف دیا جا رہا ہے، اس کا انتظار کیا جاتا ہے اس سے عام آدمی سوال کرتا ہے۔رانا ثناء نے کہا کہ ہم عدلیہ کے وقار کی خاطر سمجھتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔