لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد اور راجہ بشارت سمیت کئی اور پارٹیوں کے رہنمائوں نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کر ا دیئے ۔ سابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے پی پی 172اور پی پی 173سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ۔
سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت نے پی پی 14راولپنڈی سے، انجینئر راجہ قمر الاسلام نے پی پی 10راولپنڈی سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ۔پی پی 12راولپنڈی سے فیصل قیوم، پی پی 10 سے راجہ وحید قاسم نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے ۔عاطف چوہدری نے پی پی 161سے، عمر سرفراز چیمہ اور ناصر سلمان نے پی پی 155 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ٹی ایل پی کے احمد عامر نے پی پی 173سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے ۔دوسری جانب پنجاب میں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کا اضافہ کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ امیدوار 12سے 14مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، تاہم اب اس میں دو دن کا اضافہ کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کا اضافہ کر دیا ہے اور اس تاریخ میں اضافے کا اطلاق مخصوص نشستوں پر بھی ہوگا۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پہلے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 14مارچ تھی جو اب 16 مارچ کردی گئی ہے، جب کہ باقی تمام شیڈول الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن 8مارچ 2023ء کے مطابق برقرار ہے۔