اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پیمرا نے GNN کے پروگرام “لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود” پر دو ہفتوں کیلئے پابندی عائد کردی۔
ڈاکٹر شاہد مسعو د نے اپنے پروگرام جو کہ مؤرخہ 16فروری 2023ء کو نشر ہوا میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے سندھ گورنمنٹ کی جانب سے دی گئی امداد کے حوالے سے جھوٹا مواد نشر کرتے ہوئے بے بنیاد تبصرہ کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کا انٹرنیشنل میڈیا پر بھی حوالہ دیا گیا جو کہ پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنا۔مذکورہ پروگرام میں نشر کیا جانے والا مواد سوشل میڈیا سے لئے گئے ایک کلپ کی بنا ء پر تھا جو کہ غیر پیشہ ورانہ عمل ہے اور پیمرا قوانین کے بھی سراسر منافی ہے۔ چینل ہٰذا کو مؤرخہ 20فروری 2023ء کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا اور باقاعدہ ذاتی شنوائی کا موقع دیا گیا۔ چینل کے جواب اور پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اتھارٹی نے پروگرام “لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود” پر مؤرخہ 10مارچ 2023ء سے دو ہفتوں کیلئے پابندی عائد کر دی ۔