مریدکے ( این این آئی)اٹلی کشتی حادثہ کے شکار مریدکے کی آبادی کنال پارک کے رہائشی نوجوان حشام بٹر کی میت پاکستان پہنچ گئی ،حشام بٹر کی میت گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا ،اہل خانہ اور عزیز و اقارب میت کے ساتھ لپٹ کر روتے رہے ۔
اس موقع پر سیکڑوں لوگوں نے حکومت اور ایجنٹوں کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔اعلی تعلیم یافتہ حشام بٹر اپنے چچا زاد کے ساتھ مستقبل کے سہانے خواب لے کر گھر سے اٹلی کیلئے روانہ ہوا تھا مگر اسے کیا معلوم تھا اس کی میت گھر واپس آئے گی ۔دوسری جانب اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق 7 پاکستانیوں کی لاشیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی لاشیں تیونس سے براستہ جدہ لاہور لائی گئی ہیں جن میں ایک خاتون کی لاش بھی شامل ہے۔جاں بحق افراد کی میتیں جدہ سے سعودی ائیرلائنز کے ذریعے لائی گئیں جنہیں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے نمائندے نے وصول کیا اور لاشیں ورثا کے حوالے کیں۔حکام کے مطابق تمام افراد کی لاشیں گجرات ڈویژن بھیجی گئیں ۔