اسلام آباد(این این آئی)وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے کہاہے کہ جیل بھروتحریک شروع ہونے سے پہلے ہی فلاپ ہوگئی، 3،4لوگ قابو میں آگئے، عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ عوام اس کے ساتھ ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران راناثناء اللہ نے کہاکہ عمران خان پی ٹی آئی کے معصوم کارکنوں کو اپنی سازش کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا
لیکن جیل بھرو تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی فلاپ ہوگئی۔انہوںنے کہاکہ عوام نے جیل بھرو تحریک کو مکمل طور پر مسترد کر دیا، جیل بھرو تحریک کیلئے300سے400لوگ جمع ہوئے، حکومت نے500افراد کی گرفتاری کا بندوبست کر رکھا تھا،3گاڑیوں میں بس 80کے قریب لوگ ہی بھرسکے،عمرانی ٹولے کے 3،4لوگ قابو میں آگئے، عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ عوام اس کے ساتھ ہیں۔وزیرداخلہ نے کہاکہ عمران خان سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، اگر ملک کو کوئی یر غمال بنانا چاہتا ہے تو ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے، فتنے نے جو بھی فساد پھیلانے کا طریقہ کار اختیارکیاعوام نے مسترد کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم تمہیں سیاسی مخالف سمجھتے تھے، اگر تم ہمیں اپنا دشمن سمجھتے ہو تو ہم بھی تمہیں اپنا دشمن سمجھیں گے، تم نے سیاسی مخالفت کو سیاسی دشمن میں تبدیل کردیا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کو مل بیٹھ کر بات کرنے کی پیشکش بھی کی گئی، ہم سے بات نہیں کرنا چاہتے تو ہم سے بھی توقع نہ رکھو۔